ریاض،31/جنوری (آئی این ایس انڈیا)سعودی عرب کی مشرقی گورنری کے گورنر سعود بن نایف نےتمام حکومتی اور نجی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ علاقے میں کرونا کی وبا کے پھیلائو کے پیش نظر وبا کی روک تھام کے لیےآگاہی کی خاطر بنائی گئی'توکلنا' ایپ کا استعمال یقینی بنائیں۔انہوں نے مشرقی گورنری میں کرونا بچائو کے لیے وضع کردہ پروٹوکول اور ایس اوپیز پرعمل درآمد میں کوتاہی برتنے کی نشاندہی کرنے، عوام میں وبا سے بچنے کے لیے شعور بیدار کرنے اور 'توکلنا'ایپ کے حوالے رپورٹس تواتر کے ساتھ اعلیٰ حکام کو فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
مشرقی گورنری کے سیکرٹری عادل الجبیر نے کہا کہ گورنری کے بازاروں میں داخلے سے قبل'توکلنا' ایپ پرعمل درآمد لازمی قرار دیا گیا ہے۔ کوئی سرکاری یا غیر سرکاری شخص بازاروں اور پبلک مقامات پر اس ایپ کی ہدایات پرسختی کے ساتھ عمل درآمد کرے گا۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ'ٹویٹر' پرپوسٹ کردہ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ ایپ پبلک مقام یا بازار میں دخل ہونے سے قبل متعلقہ شخص کی صحت کے بارے میں معلومات فراہم کرے گی۔
ادھر سعودی عرب کے وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا ہے کہ ہم سب مساوی بنیاد پرایک جیسے چیلنج کا سامنا کررہے ہیں اور ہم سب نے یکساں سفر طے کیا ہے۔ ہمیں اس وبا کے چیلنج کا مقابلہ کرتےہوئے اسے شکست دینا اور دوبارہ سراٹھانے سے روکنا ہے۔